پھولوں میں گلاب کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ گلاب اپنی خوبصورتی اور خوشبو کی وجہ سے ہر دلعزیز پھول ہے اسی وجہ سے اسے کوئین آف فلاورز کہا جاتا ہے۔ دنیا میں گلاب کی 20 ہزار سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں۔ گلاب بطور کٹ فلاور بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ہالینڈ دنیا میں سب سے زیادہ گلاب اور دوسرے پھول پیدا کرنے والا ملک ہے۔ گلاب کے پھول کی درآمد کے لحاظ سے جرمنی پہلے نمبر ہے۔ پاکستان میں بھی کٹ فلاور کا کاروبار تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کی بدولت گلاب کی کاشت و اہمیت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 

گلاب لگانے کے لیے بھر بھری ، زرخیز اوراچھے نکاس والی زمین کا انتخاب اہم ہے۔ زمین کا تعامل pH) )6سے 6.5تک ہونا چاہیے ۔ گلاب کی کاشت کے لیے زمین کی تیاری اچھی طرح کریں ۔ پودا لگانے کی جگہ پر زمین اڑھائی فٹ گہرائی تک کھود کر تیار کریں۔ پودے لگانے کے لیے 2فٹ x 2فٹ x 2 فٹ سائز کے گڑھے کھودیں۔ پودے اگانے سے کم ازکم ایک ہفتہ پہلے گڑھے کھودیں۔ گڑھوں کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ روشنی اور ہوا سے زمین کی زرخیزی بڑھے۔ اس کے بعد گڑھا بھرنے کے لیے اوپر والی 1فٹ مٹی 50فیصد ،گوبر کی کھاد 20فیصد ، پتوں کی کھاد20فیصد اور بھل 10فیصد کا آمیزہ تیار کریں اور اس کو پودے لگانے کے لیے گڑھوں میں استعمال کریں۔