لوکی (کدو) کے طبی و غذائی فوائد | لوکی کے ذریعے علاج

موسم گرما کی صحت بخش اور لذیز غذا لوکی ہے، جسے کدو بھی کہا جاتا ہے۔ ابتداء میں لوکی عرب، ایران اور ہندوستان کے مختلف علاقوں میں کاشت کی جاتی تھی۔ رفتہ رفتہ زمانہ قدیم سے کاشت ہونے والی یہ سبزی اب دنیا بھر میں بھی کاشت کی جانے لگی ہے۔
لوکی جلد ہضم ہونے والے ہلکی غذا ہے۔ اس کی ایک خوبی یہ ہے کہ یہ نا صرف خود جلد ہضم ہوتی ہے بلکہ دوسری غذاؤں کو ہضم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس کی دو اقسام ہیں، ایک گول اور دوسری لمبی۔
لوکی کا شمار وٹامنز اور توانائی بخشنے والی بہترین سبزیوں میں ہوتا ہے۔ لوکی میں موجود غذائی اجزاء میں پروٹین، چکنائی، معدنی اجزاء، ریشہ، کاربوہائیڈریٹس شامل ہیں اور لوکی کے معدنی اور حیاتیاتی اجزاء میں کیلشیم، فاسفورس، آئرن کے علاوہ وٹامن بی کمپلیکس بھی شامل ہے۔
لوکی ایک سکون بخش سبزی ہے اور اس میں جراثیم کش خصوصیات پائی جاتی ہیں ۔ یہ جسم کو تروتازہ اور ٹھنڈا رکھتی ہے ۔ اسے کھانے سے تھکن دور ہوجاتی ہے، چوںکہ اس میں 96 فیصد پانی ہوتا ہے ، اس لیے یہ پیاس کو بجھاتی ہے۔ گوشت اور گرم مصالحہ نہ صرف اس کے ذائقے میں بلکہ اس کی تاثیر میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر دیتے ہیں۔

لوکی (کدو) کا استعمال

کدو (لوکی) کو کئی طریقوں سے پکایا اور استعمال کیا جا تا ہے، اس کی ترکاری ، رائتہ، حلوہ اور مربہ ذائقے اور پسند کے لحاظ سے بہت مقبول ہیں، یورپ میں کدو کا شوربہ اور پڈنگ کا استعمال عام ہے۔
کینڈا اور امریکہ میں کرسمس کے موقع کی خاص ڈش کدو کا حلوہ ہوتی ہے۔ لکھنؤ کے باورچی بڑی لوکی کو ایسے ہنر سے پکاتے کہ باہر کا چھلکا کچی لوکی کی طرح سبز اور چمکدار رہتا اور اندر سے پوری طرح پکا ہوا اور لذیذ ہوتا۔
لوکی آلات موسیقی میں بڑے بڑے کمالات کی حامل ہے، بڑی یا جنگلی لوکی شاخ کے ساتھ لگی لگی سوکھ جاتی ہے تو اس کی بیرونی جلد سخت ہو جاتی ہے اسے اندر سے صاف کر کے سادھو اپنے ساتھ رکھتے ہیں ۔ خشک لوکی سے تما م تار والے سازوں کا پیندا بنتا ہے جن میں ستار، وچتربین ، تان پورہ، بین، اک تارا، کنگ سارنگی، سرور وغیرہ شامل ہیں۔
یہ موسیقی کے آلات لکڑی سے تیار ہو سکتے ہیں لیکن لوکی کے پیندے سے آواز میں جو گونج ہوتی ہے اور سُر جس طرح ظاہر ہوتے ہیں اس کا کوئی ثانی نہیں۔ سپیروں کی بین میں بھی لوکی بین کے درمیان لگی ہوتی ہے۔

لوکی کے غذائی و طبی فوائد

لوکی کھانا سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم بھی ہے اور اس سےکئی امراض میں شفا ملتی ہے، ماہرین طب نے اس کے کئی خواص بیان کیے ہیں، حضور انور ﷺ نے فرمایا۔ “تمہارے لیےلوکی(کدو) موجود ہے یہ عقل کو بڑھاتی ہے اور دماغ کو طاقت دیتی ہے” (ابن حبان، طبرانی) ایک موقع پر حضور انور ﷺ نے حضرت عائشہ سے فرمایا۔ “عائشہ جب خشک گوشت پکاؤ تو اس میں کدو ڈال کر اضافہ کر لیا کرو کیونکہ یہ غمگین دل کو مضبوط کرتا ہے” (ابن قیم)

لوکی (کدو) کے ذریعے علاج

یوں تو قدرت نے تمام سبزیوں اور پھلوں میں انسانی جسم کی ضروریات اورعلاج کیلئے پیش بہا خزانے چھپا رکھے ہیں، تاہم ان سب میں کدو (لوکی) کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

سرسام کی بیماری کا قدرتی علاج

موسم سرما میں بخار کی شدت سے سرسام ہو جاتا ہے، ایک لوکی لے کر اس کا ٹکڑا کاٹ کر اسی لوکی پر جما دیں۔اور گندھے ہوئے آٹے کا لیپ کر کے تندور کی گرم راکھ میں دبا دیں، جب آٹا پک کر سرخ ہو جائے تو اس کو تندور سے نکال کر اس پر سے آٹا ہٹا کر اس کا پانی نچوڑ کر مریض کی عمر اور طاقت کے پیش نظر تقریباً 20 گرام سے 60 گرام تک دیسی شکر ، شربت انار یا شربت بزوری معتدل ملا کر پلانا مفید ہے۔

بچوں میں سوکھے کی بیماری کا علاج

بعض بچوں میں سوکھے کی بیماری ہو جاتی ہے اس کے بتدریج خاتمے کے لیے ایک کلو کدو کے ٹکڑے کاٹ کر 60 گرام حب کلاں بھر کر کاٹا ہوا ٹکڑا اوپر جما کر ملتانی مٹی کے لیپ سے کنارے بند کر کے تندور کی گرم راکھ میں دبا دیں یہ عمل تین مرتبہ دہرا کے اسے پیس لیں اور پاؤڑر روزانہ تین گرام بچے کو استعمال کرانے سے سوکھے کے مرض میں افاقہ ہو جائے گا۔

تیز بخار کا علاج

اگر کبھی بخار ایک سو چار ڈگری سے بھی بڑھ جائے تو نرم لوکی کے چار ٹکڑے کر کے چار آدمی مریض کے ہاتھ اور پاؤں پر ایک ایک ٹکڑا سادہ دہی کی لسی میں بھگو کر رگڑیں، دو چار منٹ میں لوکی کے رگڑنے والے ٹکڑے بخار کی حدت کو جذب کر کے سیاہ اور گرم ہو جائیں گے اور مریض کی حالت بہتر ہو جائے گی۔

بواسیر کا علاج

لوکی کے چھلکے پیس کر زیتون کے تیل اور مہندی کے پتوں کے ساتھ کھرل کر کے پانچ منٹ دھیمی آنچ میں پکا کر بواسیر کے مریض کو پلانے سے شدت اختیار کرتے مرض میں کمی واقع ہونے لگی گی۔ اس کے ساتھ ہی کدو پیس کر شہد ملا کر دن میں تین مرتبہ مریض کو کھلانے سے فائدہ ہو گا۔

وزن میں کمی

وزن کم کرنے میں لوکی کا اہم کردار ہے، وزن کم کرنے کے لیے لوکی کا چھلکا اتار کر اسے بھاپ (اسٹیم ) دیں اوراس کے بعد گلینڈر کر کے اس میں پودینہ اور لیموں اور حسب ذائقہ نمک ڈال دیں اور دن میں دو سے تین مرتبہ پئیں۔ اس کے علاوہ آپ سفید زیرہ 100 گرام اور اجوائن 10 گرام لے کر ان دونوں کو پیس کر ایک چائے کا چمچ روزانہ صبح شام استعمال کریں۔

کدو (لوکی) کے دیگر فوائد

  • گرمی کی شدت سے نیند نہ آنے پر یا آنکھوں کے سامنے اندھیراچھاجانے کی صورت میں لوکی کاٹ کر اس کا جوس تلوں کے تیل میں ملا کر پاؤں کے تلوں پر روزانہ رات کو مالش کرنے سے گہری نیند آتی ہے۔
  • کم مرچ والا لوکی کا سالن کھانے سے آنتوں کی جلن ٹھیک ہو جاتی ہے۔
  • لوکی کی ڈنڈی کا پھل کے ساتھ والا حصہ کاٹ کر سکھا لیں اور زہریلے کیٹرے کے کاٹے پر شہد ملا کر بار بار چٹانے سے کاٹے کی تکلیف میں افاقہ ہو گا۔
  • لوکی یا کدو کے استعمال سے گھبراہٹ اور وحشت دُور ہوتی ہے
  • خون کی خرابی کے مریض کے لیے کدو کو میٹھے انار کے ساتھ کھانا مفید ہے۔ اس سے خون کی خرابی کے سبب جسم پر نکلنے والے دانے اور پھنسیاں ختم ہو جاتے ہیں۔
  • یہ بلڈ پریشر کو اعتدال میں رکھتی ہے اور دل کی بیماریوں کو روکتی ہے
  • لوکی کی بیل کے پتے ابال کر چینی میں ملا کر پلانے سے یرقان کے مرض میں افاقہ ہوتا ہے۔
  • جگر کے امراض کے لیے کدو کا مربہ مفید بتایا جاتا ہے۔
  • لوکی کھانے سے معدے کی تیزابیت اور جلن وغیرہ بڑی حد تک دور ہوجاتی ہے۔
  • لوکی کے عرق کو لیموں میں ملا کر چہرے پر لگانے سے مہاسے دور ہو جاتے ہیں۔
  • اس کھانے سے گردوں کے درد میں ناصرف آرام ملتا ہے بلکہ گردوں کی پتھری بھی نکل جاتی ہے۔


نوٹ: لوکی سے متعلقہ یہ تحریر محض معلومات عامہ کے لئے شائع کی جا رہی ہے۔ یاد رکھیں ہر ٹوٹکہ ہر انسان کےلئے نہیں ہوتا۔ اِس لئے اپنے تئیں کوئی نسخہ مت آزمائیں، بلکہ اپنے معالج (ڈاکٹر، طبیب) سے مشورہ کر کے اس کی ہدایت کے مطابق عمل کریں، شکریہ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

[disqus][facebook][blogger][spotim]

MKRdezign

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.
Javascript DisablePlease Enable Javascript To See All Widget