ٹینڈے کی کاشت کاری اور دیکھ بھال


ٹینڈے کی ابتداء بھارت میں ہوئی۔ اس کا پودا ککر بٹیسی (Cucurbitaceae) خاندان سے تعلق رکھتا ہے جبکہ اس کا نباتاتی نام سٹرولس ولگیرس (Citrullus Vulgaris) ہے۔ ٹینڈا موسم گرما کی بڑی اہم اور مقبول سبزی ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال گردے، مثانے اور پتے کی پتھری کے اخراج میں مفید ہے۔ علاوہ ازیں ٹینڈے کا پھل وٹامن اے ، بی اور سی کا اہم ذریعہ ہے۔

ٹینڈے کی کاشت کیلئے گرم اور خشک موسم موزوں ہے، اس کے بیج کے اگاؤ کیلئے موزوں درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بڑھوتری اور پھل بننے کیلئے موزوں درجہ حرارت 30 تا 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ پنجاب کے تقریباً تمام میدانی و بارانی علاقوں میں اس کی کاشت کی جا سکتی ہے۔ ٹینڈا دلپسند محکمہ کی سفارش کردہ قسم ہے جس کا پھل گول اور ہلکے سبز رنگ کا ہوتا ہے اور ذائقے میں بے مثال ہے۔ اس کی پیداواری صلاحیت 10 ٹن فی ایکڑ ہے۔
ٹینڈا کی اگیتی کاشت اپریل تک جبکہ پچھیتی فصل وسط جون تا وسط جولائی تک کاشت کی جا سکتی ہے۔کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں۔ زمین میں پانی کا نکاس اچھا اور نامیاتی مادہ کافی مقدار میں موجود ہونا چاہیے۔ کاشت سے پہلے زمین کو اچھی طرح ہموار کر کے 10 سے 15 ٹن فی ایکڑ گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالیں اور ہل چلا کر زمین میں ملا دیں۔ علاوہ ازیں اگر روٹاویٹر چلا کر گوبر کو باریک کر دیا جائے تو یہ جلد ہی مٹی کا حصہ بن جائے گا اور بعد میں آبپاشی کر دیں۔ وتر آنے پر کھیت میں دو سے تین مرتبہ ہل اور سہاگہ چلائیں اور جڑی بوٹیوں کے اگنے کیلئے چھوڑ دیں۔ کاشت کے وقت بھی زمین میں دو سے تین بار ہل چلا کر زمین تیار کر لیں۔

ٹینڈا کی کاشت کیلئے 2.5 میٹر فاصلہ پر نشان لگائیں اور دو پٹڑیوں کے درمیان 50 سینٹی میٹر چوڑی کھالی چھوڑ کر 2 میٹر چوڑی پٹڑیاں بنائیں۔ ان پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر آبپاشی کے فوراً بعد جہاں تک پانی کی نمی پہنچ سکے 40 سینٹی میٹر کے فاصلے پر 2 تا 3 بیج 3 سے4سینٹی میٹر گہرائی میں دبا دیں۔ اس طریقے سے ایک ایکڑ میں 8000 پودے لگائے جا سکتے ہیں جس کیلئے تقریباً 2 کلوگرام صحتمند بیج کافی ہوتا ہے۔ بیج کو کاشت سے پہلے پھپھوند کش زہر مینکوزیب+ میٹالکسل بحساب 2.5 گرام فی کلوگرام بیج لگا لیں تاکہ فصل ابتدائی بیماریوں سے محفوظ رہے۔ علاوہ ازیں اگر بیج کو امیڈاکلوپرڈ 70 WS بحساب 3 گرام فی کلوگرام بیج لگا لیا جائے تو فصل ابتداء میں رس چوسنے والے کیڑوں کے حملہ سے بھی محفوظ رہتی ہے۔ بوائی سے ایک ہفتہ بعد دوبارہ پانی ضرور لگائیں تاکہ بیج وتر حالت میں اگ آئے۔

ٹینڈے کی فصل کو N:P:K بالترتیب 60:35:25 کلوگرام فی ایکڑ درکار ہیں۔ جن کے حصول کیلئے زمین کی تیاری کے وقت 2 بوری امونیم نائٹریٹ، 4 بوری ایس ایس پی، ایک بوری سلفیٹ آف پوٹاش یا 1/2 بوری یوریا، 1/2 بوری ڈی اے پی، 1 بوری سلفیٹ آف پوٹاش ملا کر بکھیر دیں اور سہاگہ چلائیں۔ اگر کھاد کو پورے کھیت میں بکھیرنے کی بجائے لائنوں پر ڈالا جائے تو اس سے زیادہ بہتر نتائج نکلیں گے اور کھاد کی تھوڑی مقدار بھی کافی ہو گی۔ جب پھل لگنا شروع ہو تو 1 بوری امونیم نائٹریٹ یا 1/2 بوری یوریا ڈالیں۔ بعد ازاں تین ہفتہ کے وقفہ سے 1 بوری امونیم نائٹریٹ یا 1/2 بوری یوریا ڈالتے رہیں۔ کھاد ڈالنے سے پہلے گوڈی ضرور کریں۔

پٹڑیوں پر لگائی گئی فصل کو حسب ضرورت پانی لگاتے رہیں۔ جن علاقوں میں ٹینڈے کی کاشت وتر حالت میں کی جاتی ہے وہاں آبپاشی فصل اگنے کے بعد دیر سے کی جاتی ہے اور فصل کی خشک گوڈیاں کی جاتی ہیں۔ پانی لگاتے وقت ہمیشہ یہ خیال رکھیں کہ پانی پٹڑیوں پر نہ چڑھے۔ جب پودے تین سے چار پتے نکال لیں تو ایک صحتمند پودا فی چوکا چھوڑ کر باقی پودے نکال دیں۔ فصل کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھنے اور اچھی بڑھوتری کیلئے دو سے تین بار گوڈی کریں اور پودوں کے ساتھ مٹی چڑھا دیں۔ بیلوں کا رخ پٹڑی کی طرف کر دیں تاکہ پودے نالیوں میں نہ گریں۔ ہر آبپاشی سے پہلے بیلیں نالیوں سے ضرور نکال دیں۔

سفید پھپھوندی، روئیں دار پھپھوندی اور اکھیڑا ٹینڈا کی اہم بیماریاں ہیں جبکہ ضرر رساں کیڑوں میں کدو کی لال بھونڈی، پھل کی مکھی، سفید مکھی، سست تیلہ، چست تیلہ، لیف مائنر اور جوئیں فصل پر حملہ آور ہو کر پیداوار کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ضرر رساں کیڑوں و بیماریوں کے تدارک کیلئے محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کے فیلڈ عملہ کی سفارشات پر عمل کریں۔

شروع میں ٹینڈا کی فصل پر جو ایک دو اگیتے پھل لگتے ہیں ان کو فوراً توڑ دیں، اس طرح پودے کی نشوونما و پیداوار اچھی ہو گی۔ پھل جب مناسب سائز کے ہو جائیں تو مناسب وقفہ سے برداشت کرتے رہیں۔ پھل شام کے وقت توڑیں تاکہ صبح تازہ حالت میں فروخت ہو سکے۔ چونکہ ٹینڈے میں نر اور مادہ پھول ایک ہی پودے پر الگ الگ لگتے ہیں اور مادہ پھول شہد کی مکھیوں کی مدد سے بارآور ہوتے ہیں اس لئے شہد کی مکھیوں کی آمد متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

تحریر: محمد قوی ارشاد( اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات، راولپنڈی)

ایک تبصرہ شائع کریں

[disqus][facebook][blogger][spotim]

MKRdezign

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.
Javascript DisablePlease Enable Javascript To See All Widget