لہسن یعنی تھوم کے فوائد و خصوصیات

قدرت نے انسانوں کو کھانے کے لیے لاتعداد نعمتیں عطا کی ہیں جو بہت سے امراض میں آب حیات کا کام کرتی ہیں۔ ان ہی میں لہسن یعنی تھوم کا شمار ہوتا  ہے۔ انسان صحت کے اصولوں سے انحراف کرتے ہوئے مختلف ذرائع سے اپنی بربادی کو خود دعوت دیتا ہے لیکن لہسن ہے کہ تنہا انہیں تندرستی سے لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس لئے کہا جاتا ہے لہسن اگر سونے کے بھاؤ بھی ملے تو ضرور کھائیں

لہسن کی خصوصیات

لہسن مشرقی کھانوں کا ایک اہم جزو ہے اور اکثر کھانے اس کے بغیر نامکمل سمجھے جاتے ہیں۔ مغربی ممالک میں بھی لہسن کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اب کھانے پینے کی ایسی اشیا عام مل جاتی ہیں جن میں تھوم استعمال کیا جاتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ لہسن کئی بیماریوں، خصوصاً دل کے امراض سے بچاؤ میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔
زمانہ قدیم سے انسان لہسن کا استعمال کرتا آیا ہے۔ رومن، مصری، ایرانی، یہود، عرب اور دنیا کی تمام اقوام نے تھوم کے فوائد پر سیر حاصل گفتگو کی ہے اور کسی نے آج تک اس کے استعمال کو خطرناک نہیں کہا جبکہ اسے مصالحہ جات کا سردار بھی کہا گیا ہے۔

لہسن کی اقسام

لہسن گزشتہ پانچ ہزار سال سے مختلف امراض میں بطور دوا استعمال ہورہا ہے۔ یہ دو قسم کا ہوتا ہے۔ ایک چھوٹے جوے والا جو اکثر استعمال ہوتا ہے‘ دوسرا پہاڑی لہسن جو پیاز کی شکل کا ہوتا ہے اور جس میں پھانکیں نہیں ہوتیں‘ لیکن اثرات زیادہ تیز ہیں۔

لہسن کو عربی میں ثوم فارسی میں سیسر انگریزی میں Garlic اور پنجابی و سندھی میں تھوم کہتے ہیں۔

لہسن پر تحقیق

ایک مصری دستاویز کے حوالے سے 1550 سال قبل مسیح لہسن سے بائیس امراض کی دوائیں تیار ہوئیں۔ روس کے ماہر علم طبیعیات ”پائن دی ایلڈر“ نے لہسن سے متعلقہ 66 قسم کے امراض کا علاج تحریر کیا ہے۔ دنیائے طب کے بابا ہیپو قراطیس (بقراط) نے ڈھائی ہزار سال قبل مسیح تھوم کو قبض کشا کہنے کی ساتھ روز مرہ کی دوا قرار دیا تھا۔

امریکہ کے ڈاکٹر ”جی لی چانک“ اور ”مارگریٹ جانسن“ مینسیوٹا یونیورسٹی میں ریسرچ کیمسٹوں‘ بھارت کے ٹیگور میڈکل کالج کے ڈاکٹر ” آرون“ کے علاوہ چین اور جاپان میں بیشتر ڈاکٹروں نے لہسن کو بیماریوں کا علاج دہندہ قرار دیا ہے۔

لہسن یعنی تھوم کے فوائد 

لہسن کے فوائد: لہسن سے جن امراض میں فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ان کی فہرست طویل ہے ۔ لہسن کو صدیوں سے خون صاف کرنے کے علاوہ سردی اور دائمی نزلہ و زکام سے محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ دمہ،کھانسی ، امراض تنفیس، آنتوں کی بیماریاں، امراض جلد، ہائی بلڈ پریشر، فالج، لقوہ، رعشہ، نسیان، بہرا پن، کینسر اور ذیابیطس سے محافظت، درد سر، گلے کی گلٹھی، آواز بیٹھنا، مرگی، تپ دق، کولیسٹرول کی سطح نیچی رکھنا جیسے بے شمار امراض ٹھیک کرنے کی صلاحیت تھوم میں موجود ہے۔

1. نزلہ زکام کی روک تھام

اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہونے کے باعث آپ کی غذا میں لہسن کی شمولیت جسم کے دفاعی نظام کو فائدہ پہنچاتی ہے۔ اگر نزلہ زکام کا شکار ہو جائیں تو دل مضبوط کرکے لہسن کی چائے پی لیں۔

لہسن کی چائے بنانے کے لیے تھوم کو پیس کر پانی میں کچھ منٹ تک ابالیں، اس کے بعد چھان کر پی لیں۔ آپ اس میں تھوڑا سا شہد یا ادرک بھی ذائقے کو بہتر کرنے کے لیے شامل کرسکتے ہیں۔

2. بیکٹریا کا کاخاتمہ

لہسن کے استعمال سے جہاں بے شمار امراض سے نجات ملتی ہے وہاں یہ جسم میں قدرتی طور پر موجود بیکٹریاز میں عدم توازن پیدا نہیں کرتا بلکہ ان بیکٹریاز کو جو ہمارے لیے مفید ہیں اور ہاضمہ کو درست کھتے ہیں ان کی تعداد میں اضافہ کرتا ہے اور جو مضر اور بیماری پیدا کرسکتے ہیں ان بیکٹریاز کو ختم کرتا ہے۔
اس طرح موسمی اثرات سے جسم محفوظ ہوجاتا ہے۔ بیکٹریاز پر تجربات شاہد ہیں کہ لہسن کے رس نے انہیں دس منٹ میں ختم کردیا جبکہ معاون بیکٹریاز کو کوئی نقصان نہ پہنچا۔

3. ہونٹوں پر زخم سے نجات

شدید ٹھنڈ میں ہونٹوں کا پھٹ جانا یا زخم ہوجاتا کافی عام ہوتا ہے تو اس کے علاج کے لیے پیسے ہوئے لہسن کو کچھ دیر تک متاثرہ جگہ پر لگائے رکھیں۔ اس میں شامل قدرتی سوجن کش خصوصیات درد اور سوجن کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

4. خارش سے ریلیف

لہسن سوجن کش اجزاءسے بھرپور ہے اسی لیے یہ اچانک ہونے والی خارش سے ریلیف بھی دے سکتا ہے۔ لہسن کے تیل کی کچھ مقدار کو متاثرہ جگہ پر استعمال کریں تو وہاں خارش ختم ہوجائے گی۔اور آپ سکون محسوس کریں گے۔

5. بالوں کو اگائیں

لہسن آپ کے بالوں کے گرنے کے مسئلے کو ختم کرسکتا ہے جس کی وجہ اس میں شامل ایک جز الیسین کی بھرپور مقدار ہے، یہ سلفر کمپاؤنڈ پیازمیں بھی پایا جاتا ہے اور ایک طبی تحقیق کے مطابق بالوں کے گرنے کی روک تھام کے لیے موثر ہے۔ تھوم کو کاٹ لیں اور اس کی پوتھیوں کو سر پر ملیں۔ آپ تیل میں بھی تھوم کو شامل کرکے مساج کے ذریعے یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

6. کیل مہاسوں کا خاتمہ

لہسن کیل مہاسوں کے لیے ملنے والی ادویات کا مرکزی جز تو نہیں مگر یہ ایک قدرتی علاج ضرور ہے جو کیل مہاسوں کا خاتمہ کرسکتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس بیکٹریا کو ختم کرتے ہیں تو لہسن کی پوتھی کو کیل مہاسے پر رگڑنا موثر ثابت ہوسکتا ہے۔

7. وزن کو کنٹرول کریں

لہسن جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق لہسن سے بھرپور غذا سے چربی کے ذخیرے اور وزن میں کمی ہوتی ہے۔ اس کا فائدہ اٹھانے کے لیے تھوم کو روزانہ اپنی غذا کا حصہ بنانے کی کوشش کریں۔

8. جسم میں پھنسی لکڑی کے ریشوں کو نکالیں

لہسن کے ایک ٹکڑے کو متاثرہ جگہ کے اوپر رکھ کر اسے بینڈیج یا ٹیپ سے کور کرلیں۔ اگر پاؤںمیں پھانس چبھی ہے تو جرابوں کو چڑھا لیں اور رات بھر آرام کریں اور صبح اسے ہٹا دیں۔ پھانس کے ساتھ ساتھ درد اور سوجن بھی ختم ہوجائیں گے۔

9. لہسن اور قوت باہ

مردحضرات اپنی قوت باہ بڑھانے کے لئے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں،بعض اوقات یہ طریقے انتہائی کارگر ثابت ہوتے ہیں اور اکثر منفی ردعمل کے حامل ہوتے ہیں۔آج ہم آپ کو وہ آسان،بے ضرر اور انتہائی کارآمد طریقہ بتائیں گے جوباآسانی دستیاب ہے اور اس کے منفی اثرات بھی نہیں ہیں۔

لہسن کے بہت سے طبی فوائد ہیں،اور اس سے ان لوگوں کو بھی فائدہ ہوسکتا ہے جنہیں مباشرت کی خواہش پوری کرنے میں کسی قسم کی کمزوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ڈاکٹر ایچ کے باکرو اپنی تحقیق سے ثابت کرتے ہیں کہ جنسی اعتدال کی کامیابی میں لہسن بہت ہی مفید قدرتی ٹانک ہے۔

اس کا طریقہ استعمال نہایت ہی آسان ہے۔ صرف 2 سے 3 پوتھیاں لہسن کی ہر صبح نگل لیں اور اس کے حیران کن نتائج سے لطف اندوز ہوں۔ قوت باہ کے بارے میں مکمل تفصیل جاننے کے لیے آپ ہماری تحریر قوت باہ کیا ہے ۔ قوت باہ میں اضافے کرنے کے قدرتی طریقے پڑھ سکتے ہیں

10۔ بہتر یاداشت

عمر بڑھنے سے دماغی عمر بھی بڑھتی ہے جس کی وجہ کیمیائی تکسیدی ردعمل ہوتا ہے جو کھانے اور آکسیجن کے استعمال سے ہوتا ہے، اس عمل سے جسمانی توانائی تو بنتی ہے مگر خیلات کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ وقت کے ساتھ جلد ڈھلکنے لگتی ہے اور یاداشت کمزور ہوجاتی ہے،

لہسن میں دماغ کو عمر کے اثرات سے بچانے کی جادوئی خاصیت ہے اور درمیانی عمر میں اسے کھانا الزائمر امراض کا خطرہ کم کرتا ہے جبکہ نوجوانوں کی یاداشت بہتر ہوتی ہے جبکہ دماغی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

11. مچھروں کو دور بھگائیں

ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ لہسن کے پیسٹ کو اپنے ہاتھوں اور پیروں پر مل لیتے ہیں انہیں مچھروں کا ڈر نہیں رہتا۔ اس کے لیے آپ لہسن کے تیل، پیٹرولیم جیل اور موم کو ملا کر ایک سلوشن بنالیں جو مچھروں سے تحفظ دینے والا قدرتی نسخہ ثابت ہوگا۔

12۔ کان کے انفیکشن کے لیے بھی مفید

کانوں کا انفیکشن ہو تو عام طور پر اینٹی بایوٹیکس ادویات کی مدد لی جاتی ہے مگر لہسن بھی اس حوالے سے موثر ثابت ہوسکتا ہے، خصوصاً بچوں کے لیے بہت فائدہ مند ہے جو بہت چھوٹے ہوں۔ اس کے لیے لہسن کو پیس کر تیل نکالیں، اسے معمولی گرم کریں اور چند قطرے متاثرہ کان میں ٹپکادیں۔

13. لہسن سے بچھو کے زہر کا علاج

پیغمبر اسلام محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے جہاں بہت سے امراض کا علاج بتلایا تھا وہاں بچھو کے کاٹنے پر لہسن کا پانی استعمال کرنے کی ہدایت کی تھی۔

14۔ دانتوں کے درد سے نجات

دانت کا درد کتنا تکلیف دہ ہوتا ہے، یہ بتانے کی ضرورت نہیں، اگر آپ کے پاس اس تکلیف سے نجات کے لیے فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس جانے کا وقت نہیں، تو لہسن سے مدد لے سکتے ہیں، لہسن درد سن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، دانتوں کا درد ختم کرنے کے لئے آپ کو لہسن کو متاثرہ دانت پر رگڑنے کی ضرورت ہے، جس سے درد میں کافی حد تک کمی آتی ہے، اور ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے وقت مل جاتا ہے۔

15. نظر کی کمزوری سے بچاؤ:

لہسن ایسی غذائی نعمت ہے جو ہماری بینائی کو کمزور ہونے سے بچاتی ہے۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ عمر گزرنے کے ساتھ نظر کمزور ہونا فطری بات ہے۔ جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کولیسٹرول بڑھنے سے جہاں جسم کے دوسرے حصوں کو نقصان پہنچتا ہے ،وہیں آنکھوں کی بینائی بھی اس سے متاثر ہوتی ہے۔

ہارورڈ میڈیکل سکول کی ایک طبی تحقیق نے افشا کیا ہے کہ جسم میں کولیسٹرول کم رکھنے سے بڑھتی عمر کے باعث جنم لینے والی بینائی کی کمزوری کو ٹھیک کرنا ممکن ہے۔ کولیسٹرول بڑھنے سے آنکھ کی پتلی میں چربی جمع ہونے لگتی ہے ۔جس سے بینائی کمزور ہو جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لہسن ایک ایسی قدرتی دوائی ہے جس کی مدد سے کولیسٹرول کم کرنا ممکن ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دن میں آدھی توڑی لہسن کھانے سے کولیسٹرول کم ہو جاتا ہے۔

علاوہ ازیں اگر ہمارا بلڈ پریشر زیادہ رہے تو جسم میں خون کی سپلائی متاثر ہوتی ہے اور بینائی کم ہوجاتی ہے۔دراصل ہماری آنکھ کی پتلی کو آکسیجن کی مناسب مقدار درکار ہوتی ہے لیکن ہائی بلڈپریشر کی وجہ سے ایسا نہیں ہوپاتا اور نظر کمزور ہونے لگتی ہے۔

اگر لہسن کو پیس یا چباکر کھایا جائے تو اس سے نکلنے والے پانی کے باعث ہمارے جسم کو بہت فائدہ ہوتا ہے اور بلڈ پریشر قابو میں رہنے سے آنکھ کے افعال ٹھیک رہتے ہیں ۔

16۔ قدرتی گلیو

کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ لہسن کو کاٹنے کے بعد انگلیاں کس طرح چپکنے لگتی ہیں ؟ اس کی یہ قدرتی خوبی اسے شیشے کے معمولی کریک کو ٹھیک کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے لیے لہسن کو پیس لیں اور اس کے عرق کو کریک پر رگڑیں اور اوپر نیچے کے حصے کو صاف کر دیں۔ کریک ٹھیک ہو جائے گا۔

لہسن کو خالی پیٹ استعمال کرنے کے فوائد

  • اگر آپ لہسن کو خالی پیٹ کھائیں گے تو پیٹ میں موجود بیکٹیریا پیٹ خالی ہونے کہ وجہ سے بہت کمزور ہو چکاہوگا اور یہ تھوم کی طاقت کے خلاف لڑ نہیں پائے گا جس سے آپ صحت مند اور کئی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں گے۔
  • لہسن کو خالی پیٹ کھانے سے جسم کا مدافعتی نظام مضبوط ہو تا ہے اور انسانی جسم بیماریوں سے لڑنے کے لئے مضبوط ہو جاتا ہے۔
  • تھوم ایک قدرتی انٹی بائیوٹک ہے اور سردیوں میں اس کے استعمال سے انسان کھانسی، نزلہ اور زکام سے محفوظ رہتا ہے۔
  • لہسن خون کو پتلا کرتا ہے جس سے انسانی جسم کا نظام دوران خون تیز رہتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہمیں بلند فشار خون سے بھی نجات ملتی ہے
  • اگرکبھی آپ کو محسوس ہو کہ آپ کی خون کی شریانیں بند ہونے لگی ہیں تو روزانہ خالی پیٹ لہسن کا استعمال کریں، بہت جلد آپ کو محسوس ہوگا کہ آپ کی طبیعت بحال ہو رہی ہے۔
  • اگر آپ کوجلدی بیماری کا مسئلہ درپیش ہو تو کھانے میں لہسن کی مقدار بڑھادیں۔ اس سے آپ کے جسم میں زہریلے مادے کم ہوں گے اور جلد تر وتازہ رہے گی۔
  • اگر اعصابی کمزوری کا مسئلہ ہو تب بھی تھوم انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔


لہسن اگر سونے کے بھاؤ بھی ملے تو ضرور کھائیں۔

  • کان میں درد ہو تو تھوڑے سے کڑوے تیل میں لہسن جلا کر نیم گرم کان میں ڈالیں تو درد کو آرام آجاتا ہے۔ اگر پھنسی ہوتو وہ بھی پھٹ جاتی ہے۔
  • لہسن خون کو صاف کرتا اور جراثیم کو ہلاک کرتا ہے۔ خون کے دباؤ کو کم رکھتا ہے۔ صبح نہار منہ ایک دو جوئے کچا تھوم کھاتے رہنے سے دل کو مرض نہیں ہوتا۔
  • جن کو ہاضمہ خراب ہو وہ تھوم کی چٹنی بناکر کھائیں تو معدہ ٹھیک ہو جاتا ہے۔
  • لہسن کے استعمال سے نسیں پھیل جاتی ہیں۔ اس لئے بلڈ پریشر خود بخود کم ہو جاتا ہے۔ لہسن شریانوں کے نقص کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
  • لہسن نزلہ زکام کو روکنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
  • لہسن ہر طرح کے کینسر سے بننے والے سیلز کو روکتا ہے۔اورٹی بی کی ٹریٹمنٹ میں مدد دیتا ہے۔
  • لہسن انسانی نطام ہضم کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ جسمانی کمزوری کو دور کرتا ہے۔اور بڑھاپے کے اثرات کم کرتا ہے۔
  • تھوم جسم میں پیدا ہونے والے گلٹیوں کو ختم کرتا ہے۔
  • لہسن سے دانتوں کے درد کا خاتمہ ہوتا ہے۔
  • تھوم جلد کی بیماریوں اور گلے کے انفیکشن کو دور کرتا ہے۔
  • لہسن کو اگر ادرک کے ساتھ ملایا جائے تو یہ دمہ کی روک تھم میں مدد کرتا ہے۔
  • لہسن سے پیدا ہونے والی بدبو کا خاتمہ
  • لہسن کےجہاں بے شمار فوائدہیں ، وہاں لہسن کی وجہ ہرانسان کو ایک مسئلہ ضرور درپیش ہوتا ہے کہ اس کی وجہ سے ہمارے منہ سے ناگوار بو آنے لگتی ہے۔


لہسن کھانے کے بعد منہ سے آنے والی بدبو کے خاتمہ کےلئے تھوم کی دو یا تین پوتھیاں لے کر انہیں ایک گلاس پانی میں 10منٹ تک بھگودیں۔اس کے بعد لہسن کو پانی کے گلاس کے ساتھ نگل لیں اور 45منٹ تک کچھ بھی نہ کھائیں۔اب آپ کے منہ سے لہسن کھانے کے بعد ناگوار بو بھی نہیں آئے گی۔

اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ جب آپ انہیں گلاس میں سے نکالیں گے تو ان پر سے چھلکا خودبخود اتر جائے گا۔ یاد رہے کہ اس دوران چھری کا استعمال مت کریں تا کہ تھوم محفوظ رہ سکے اور خراب نہ ہو۔

اگر آپ کو یہ تحریر اچھی لگی ہے تو آپ اسے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کر سکتے ہیں۔ تاہم اگر آپ اس تحریر کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں یا آپ کے ذہن میں کوئی اور سوال ہے تو آپ ہمیں کمنٹس کر سکتے ہیں۔ آپ کے ہر کمنٹس ہر سوال کا جواب دیا جائے گا۔

نوٹ: لہسن متعلقہ یہ تحریر محض معلومات عامہ کے لئے شائع کی جا رہی ہے۔ یاد رکھیں ہر ٹوٹکہ ہر انسان کےلئے نہیں ہوتا۔ اِس لئے اپنے تئیں کوئی نسخہ مت آزمائیں، بلکہ اپنے معالج (ڈاکٹر، طبیب) سے مشورہ کر کے اس کی ہدایت کے مطابق عمل کریں، شکریہ

ایک تبصرہ شائع کریں

[disqus][facebook][blogger][spotim]

MKRdezign

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.
Javascript DisablePlease Enable Javascript To See All Widget