نایاب مرغیوں کا انوکھا کاروبار

جھنگ کے رہائشی اکرم انصاری پچھلے 25 سال سے نایاب اور خوب صورت نسل مرغیوں کی افزائش اور خرید و فروخت کا کام کر رہے ہیں۔45 سالہ اکرم 'برٹش فینسی فارم' کے نام سے اپنا مرغی فارم چلاتے ہیں۔ان کے تین بیٹے کامران، آصف اور ندیم بھی اسی کام سے وابستہ ہیں۔وہ بتاتے ہیں کہ پہلے پہل انھیں صرف خوب صورت مرغیاں پالنے کا شوق تھا لیکن اب یہ ان کا کاروبار بن چُکا ہے اور وہ مرغیوں کی خرید و فروخت سے اپنا گھر چلا رہے ہیں۔"شروع میں مجھے کبوتر بازی کا شوق تھا لیکن بعد میں مَیں کبوتروں کے ساتھ نایاب نسل کی مرغیوں کی پیدائش اور افزائش کرنے لگا۔"اکرم مرغیوں کی قمیت فی جوڑا کے حساب سے وصول کرتے ہیں۔ان کے فارم میں پالش، سلکی، بنٹم، کوچین، سپرائیٹ، انگلش گیم، لانگ ٹیل، بلیک روز کومب اور ملی فلاور سمیت 85 مختلف اقسام کی مرغیاں موجود ہیں۔انھوں نے سُجاگ کو فارم میں موجود اعلیٰ نسل کی مرغیوں اور ان کی خصوصیات سے متعارف کروایا۔


پالش: ان مرغیوں کے سر پر تاج ہوتا ہے اور قد بڑا ہوتا ہے۔ ان کے جسم پر گھنے بال ہوتے ہیں جبکہ وزن ایک سے ڈیڑھ کلو ہو تا ہے۔ رنگت کے حوالے سے یہ سلور پالش، بَف پالش، گولڈن پالش، بلیک پالش اور بلیو پالش ہوتی ہیں۔بَف پالش، گولڈن پالش اور وائٹ پالش مرغیوں کے ایک جوڑے کی قیمت 6 ہزار جبکہ بلیک پالش کی ساڑھے پانچ ہزار روپے ہوتی ہے۔ سلو ر اور بلیو پالش اپنی رنگت کے کی وجہ سے باقی ماندہ مرغیوں کی نسبتاً مہنگی ہیں۔ سلور پالش کی قیمت 14 ہزار اوربلیو پالش کی 15 ہزار روپے فی جوڑا ہے۔


سلکی:  اس قسم کی جلد انتہائی ملائم اور ان کے سر پر پھول بنا ہوتا ہے۔ ان کا وزن آدھا کلو ہوتا ہے۔وائٹ سلکی کی قیمت 5 ہزار، بلیک سلکی  کی 2 ہزار جبکہ گولڈن سلکی کی 16 ہزار روپے فی جوڑا ہے۔


بنٹم: ان کے قد چھوٹے اور پیروں پر بال ہو تے ہیں جبکہ وزن آدھا کلو ہوتا ہے۔سلور اور گولڈن بنٹم کی قیمت 3 ہزار جبکہ وائٹ اور بلیک بنٹم کی قیمت اڑھائی ہزار فی جوڑا ہے۔


کوچین: یہ مرغیاں جسامت میں بڑی ہوتی ہیں اور ان کے پیروں پر گھنے بال ہوتے ہیں۔ ان کا اوسط وزن تقریباً اڑھائی کلو ہوتا ہے۔کوچین مرغیوں میں گولڈن کوچین ہیوی اور بلیک کوچین کی فی جوڑا قیمت 6 ہزار اور وائٹ کوچین کی ساڑھے چھ ہزار روپے ہے۔


سپرائیٹ: ان کے قد چھوٹے اور دم لمبی ہوتی ہے جبکہ اوسط وزن ڈیڑھ کلو ہوتا ہے۔گولڈن سپرائیٹ 6 ہزار روپے اور بلیک سلور سپرائیٹ 5 ہزار روپے فی جوڑا میں دستیاب ہیں۔


انگلش گیم: اس قسم کی مرغیوں کی دم لمبی اور قد چھوٹے ہیں۔ ان کا وزن ڈیڑھ پاؤ ہوتا ہے۔وائٹ اور گولڈن انگلش گیم کی فی جوڑا قیمت اڑھائی ہزار روپے ہے۔


لانگ ٹیل: جیسا کے نام سے ظاہر ہے ان کی دم عام مرغیوں سے کافی لمبی ہوتی ہے جبکہ قد چھوٹے اور رنگ خالص ہوتے ہیں جن میں کسی اور رنگ کی ملاوٹ نہیں ہوتی۔ ان کا اوسط وزن ڈیڑھ پاؤ ہوتا ہے۔لانگ ٹیل مرغیوں میں وائٹ اور بلیک ٹیل شامل ہیں جن کی فی جوڑا قیمت اڑھائی ہزار روپے ہے۔


بلیک روز کومب: اس قسم کی مرغیوں کا رنگ مکمل سیاہ ہوتا ہے جبکہ ان کے کان سفید ہوتے ہیں۔ یہ جسامت میں چھوٹی ہوتیں ہیں اور ان کی دم کافی لمبی ہوتی ہے۔ان کا وزن ڈیڑھ پاؤ اور فی جوڑا قیمت ساڑھے چار ہزار روپے ہے۔


مِلی فلاور: ان مرغیوں کا قد چھوٹا ہوتا ہے اور چونچ کی سائیڈ پہ بال ہوتے ہیں جبکہ رنگت سفید اور سیاہ مکس ہوتی ہے۔ ان کا وزن قریباً آدھا کلو اور فی جوڑا قیمت 4 ہزار روپے ہے۔ملک کے مختلف شہروں بالخصوص کراچی، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، میانوالی، بھکر، دریا خان اور ڈیرہ غازی خان سے خریدار اکرم کے ہاں مرغیوں کی خریداری کرنے آتے ہیں۔وہ بتاتے ہیں کہ اندرون و بیرونِ ملک سے سالہا سال سے نایاب نسل کی مرغیاں اور انڈے اکٹھا کرنے کے بعد اب ان کے پاس ایک عمدہ فارم تیار ہو چکا ہے جس میں تقریباً ہر طرح کی ورائٹی موجود ہے۔ان کے مطابق مرغیاں پالنے سے نہ صرف ان کا شوق پورا ہو رہا ہے بلکہ انھیں اچھی آمدن بھی ہو جاتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

[disqus][facebook][blogger][spotim]

MKRdezign

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.
Javascript DisablePlease Enable Javascript To See All Widget